کمشنر اور ڈی سی کا گلشن فیملی پارک بہاری کالونی کا دورہ
نئے پودے اور درخت لگائے ،لائبریری بھی قائم کی گئی ہے ، حکام
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کے ہمراہ گلشن فیملی پارک بہاری کالونی کا وزٹ کیا اور پارک کی تزئین و آرائش کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پی ایچ اے حکام نے کمشنر کو بتایا کہ پارک میں نئے پودے اور درخت لگائے گئے ہیں جبکہ واٹر پمپ اور جدید آبپاشی کا انتظام بھی کیا گیا ہے تاکہ سبزہ ہر وقت ہرا بھرا رہے ۔ پارک میں لائبریری قائم کی گئی ہے ، جہاں بچے اور نوجوان مطالعے کے لیے آ سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں فیملیز کے لیے بیٹھنے کی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ پارک میں وقت گزارنا آرام دہ اور خوشگوار ہو۔ کمشنر سرگودہا نے ہدایت کی کہ پارک میں کنوپی بھی لگائی جائے ۔ انہوں نے پارک کی صفائی اور حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ تاکہ پارک ایک صاف اور محفوظ تفریحی مقام کے طور پر رہ سکے ۔ اس موقع پر اہل علاقہ نے کمشنر سے ملاقات کی اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات پر شکرگزاری کی اور پارک کی مکمل اونر شپ کی یقین دہانی کروائی۔