ڈسٹرکٹ جیل میں گنجائش 713قیدیوں کی،1850 ٹھونس د یئے گئے،طبی سہولیات کی کمی
مریضوں کیلئے ہسپتال میں صرف 38بستر اور 2ڈسپنسرز، قیدیوں کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم ، اضافی طبی عملہ تعینات کرنے کا مطالبہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں قیدیوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ کے باوجود علاج معالجہ کی مطلوبہ سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث مریضوں کے ساتھ ساتھ جیل انتظامیہ کو بھی سخت مشکلات در پیش ہیں ، اور موسم کی سختی صورتحال کو مزید گھمبیر بنانے کا سبب بننے لگی ہے ، ذرائع کے مطابق جیل میں اسیران کو طبی سہولیات کی فراہمی کی ذمہ داری ضلعی حکومت اور ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا کی ہے ، معاملات سے چشم پوشی باعث تشویش بنتی جا رہی ہے ،جس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ جیل میں اس وقت تقریباً 1850 کے قریب قیدی موجود ہیں جبکہ اس کی گنجائش 713 ہے ، اس صورتحال میں جیل انتظامیہ کی جانب سے قیدیوں کی صحت اور فلاح و بہبود کو ترجیح دی جا رہی ہے ، اورحکام بالا کے ساتھ ڈاکٹرز و عملے اور مطلوبہ ادویات کی دستیابی کیلئے مسلسل مراسلے بھیجے جارہے ہیں ،بالخصوص جیل ہسپتال کو بھی توجہ درکار ہے جو کہ اس وقت 38 بستروں کے ساتھ کام کر رہا ہے ، لیکن صرف 2 ڈسپنسرز ہیں جو مستقل بنیادوں پر انڈور اور آؤٹ ڈور مریضوں کے انتظام کے ساتھ ساتھ دفتری امور کے بھی ذمہ دار ہیں۔ طبی عملے کی کمی مریضوں کو فراہم کی جانے والی دیکھ بھال کے معیار پر نمایاں طور پر اثر انداز ہو رہی ہے اور موجودہ عملے پر غیر ضروری بوجھ ڈال رہی ہے ،قیدیوں کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ ہسپتال میں اضافی طبی عملہ تعینات کیا جائے ۔