ماڈل بازاروں میں اشیا سرکاری نرخوں پر فراہم:افضل کھوکھر
بھلوال(نمائندہ دنیا)چیئرمین ماڈل سہولت بازار پنجاب محمد افضل کھوکھر نے کہاہے کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں قائم کیے گئے ماڈل سہولت بازار عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان بازاروں میں روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش، سبزیاں، پھل، دالیں، آٹا، چینی اور دیگر بنیادی ضروریات معیاری اور سرکاری نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔
وہ یہاں ماڈل بازار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پروفاقی وزیر مملکت ڈاکٹر مختاراحمد بھرتھ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری منصوراعظم سندھو ، سابق وائس چیئرمین بلدیہ بھلوال چوہدری محمد اکرم ارائیں، غلام عباس شاہ، سکندر فرمان، حاجی محموداحمد کھوکھر، شاہدجٹ، راجہ عبدالحمید خان، افتخار احمد مغل، بھی موجود تھے ۔ قائدین کا کہنا تھا کہ ماڈل سہولت بازاروں کا بنیادی مقصد عام شہریوں، بالخصوص کم آمدنی والے طبقات کو سستی اور معیاری اشیاء تک آسان رسائی دینا ہے ۔