مہنگی ایل پی جی بیچنے پرکارروائی کا اعلان کاغذی کارروائی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ایل پی جی کی مہنگے داموں فروخت پر ذمہ داروں کے خلاف کریک ڈاؤن کااعلان محض کاغذی کاروائی ثابت ہوا،کئی روز گزرنے کے باوجود مذکورہ دونوں امور پر تاحال ضلعی انتظامیہ کے افسران عملدرآمد نہ کروا سکے جبکہ ایل پی جی کی مہنگے داموں فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے
،شہریوں نے کہا ہے کہ اوگرا نے چند روز قبل ایل پی جی کے ریٹ مقرر کر کے صوبائی حکومت کے ذریعے ضلعی افسران کو عملدرآمد یقینی بنانے کا ٹاسک دیا تھا لیکن اب بھی ڈیلر حضرات 330فی کلو روپے کھلے عام گیس فروخت کررہے ہیں جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں اور نہ ہی ایل پی جی کی قیمتوں کا از سر نو تعین ہوا جس کا فائدہ ایل پی جی ڈیلر اٹھا رہے ہیں اور موسم کی شدت کو جواز بنا کر کئی علاقوں میں ایل پی جی گیس کی مصنوعی قلت پیدا کر کے صارفین کیلئے مشکلات بڑھائی جا رہی ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ غفلت کا مظاہرہ چھوڑ کر حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف دلوائیں۔