قتل کے اشتہاری کو دبئی سے گرفتار‘ پاکستان واپس لایا گیا
قتل کے اشتہاری کو دبئی سے گرفتار‘ پاکستان واپس لایا گیاسیف اﷲ پر زاہد عمران کو قتل،مظہر ، غلام محمد اور سکندر کو زخمی کرنے کا الزام
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ترجمان آر پی او آفس عابد حسین کے مطابق ریجنل پولیس مجرمان اور اشتہاریوں کی گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت سرگرم عمل ہے ۔سپیشل آپریشنز سیل نے اسی حکمت عملی کے تحت ایک اور کارروائی میں، جنوری 2017 میں پرانی دشمنی کی بنیاد پر زاہد عمران کو ناحق قتل جبکہ مظہر حسین، غلام محمد اور سکندر کو شدید زخمی کرنے والے اور بیرون ملک فرار ہونے والے ملزم سیف اﷲ ولد رمضان کو دبئی سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کو خصوصی ٹیم کے ذریعے پاکستان واپس لایا گیا۔تھانہ بھلوال سٹی کی حدود میں ہونے والے اس واقعہ میں شریک دیگر 11 ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کر کے جیل بھجوایا جا چکا ہے ۔آر پی او سرگودھا محمد شہزاد آصف خان نے مقامی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ملزم سیف اﷲ کو تمام شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے اور اسے قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے مقدمہ کی بھرپور پیروی کی جائے۔