نومنتخب عہدیدار بار اور بینچ کو ساتھ لیکر چلیں،عاصم شیر میکن
نومنتخب عہدیدار بار اور بینچ کو ساتھ لیکر چلیں،عاصم شیر میکن حکومت وکلاء کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہی ہے ،بار عہدیدارن سے گفتگو
شاہ پور صدر (نامہ نگار)پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاک سردار عاصم شیر میکن نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی اور عام آدمی کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے بار اور بینچ کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا، جبکہ وکلاء برادری کو اس ضمن میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے ۔وہ شاہ پور کچہری میں بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے نومنتخب صدر اور جنرل سیکرٹری سمیت دیگر عہدیداران کو کامیابی پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے نئی ٹیم وکلاء برادری کے مسائل کے حل، انصاف کی فراہمی اور عدلیہ و پارلیمان کے وقار کی بلندی کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔سردار عاصم شیر میکن نے کہا کہ پنجاب حکومت وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ، بار ایسوسی ایشنز کو خصوصی گرانٹس فراہم کی جا رہی ہیں اور حکومت نومنتخب عہدیداران کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔اس موقع پر صدر بار ملک سیف اللہ اعوان، جنرل سیکرٹری رانا زاہد سرفراز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری اجمل منیر اور دیگر وکلاء بھی موجود تھے ۔