فیصل مسعود ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین کی تنصیب جاری
فیصل مسعود ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین کی تنصیب جاری جدید ترین مشین کے لیے مخصوص عمارت مکمل ،10کروڑ 40لاکھ روپے لاگت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں شہریوں کی مشکلات کو مدِنظر رکھتے ہوئے دوسری اور جدید ترین سی ٹی اسکین مشین کی تنصیب کا کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے ، جس پر 10کروڑ 40لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ اس منصوبے کے تحت مشین کے لیے مخصوص عمارت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ مشین کی تنصیب بھی حتمی مرحلے میں ہے ۔ اس حوالے سے میڈیکل سپرٹینڈنٹ نیڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر محمد سہیل نے بتایا کہ نئی سی ٹی اسکین مشین کی تنصیب سے پہلے سے موجود مشین پر بوجھ کم ہو جائے گا، جس کے نتیجے میں مریضوں کو طویل انتظار کی اذیت سے نجات ملے گی اور تشخیصی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ڈاکٹر محمد سہیل خواجہ کے مطابق سی ٹی اسکین کے لیے آنے والے تمام مریضوں کو متعلقہ ادویات بھی موقع پر ہی مفت فراہم کی جائیں گی، جس سے غریب اور مستحق مریضوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔