چار ترقیاتی سکیموں کے تخمینوں میں رد و بدل کی منظوری

چار ترقیاتی سکیموں کے تخمینوں میں رد و بدل کی منظوری

ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ،2کالجز،سڑک کی تعمیر شامل سٹی ڈویلپمنٹ جوہر آباد سکیم کے تخمینہ میں رد و بدل کی منظوری دی گئی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے چار ترقیاتی سکیموں کے تخمینوں میں رد و بدل کی منظوری دے دی۔ اجلاس کی صدارت کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کی۔ اجلاس میں محکمہ بلڈنگ کے کالجز سیکٹر کی دو سکیموں کے تخمینہ جات میں ردو بدل کی منظوری دی گئی جن میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے طالبات بن حافظ جی میانوالی اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے بوائز کمر مشانی میانوالی شامل ہیں۔ ورکنگ پارٹی نے محکمہ ہائی ویز کی ضلع خوشاب میں فارم سے مارکیٹ تک بندیال سے میرو تک پانچ کلو میٹر سڑک کی تعمیر و مرمت کے تخمینہ میں رد و بدل کی منظوری بھی دی۔ اسی طرح لوکل گورنمنٹ کے سٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سٹی ڈویلپمنٹ جوہر آباد سکیم کے تخمینہ میں بھی رد و بدل کی منظوری دی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خوشاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سٹی بیوٹیفکیشن انیشیٹو کے تحت مین بازار خوشاب کی بیوٹیفکیشن سکیم کے اسکوپ آف ورک پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کالجز کا تعمیراتی کام ایک ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ کمشنر سرگودھا نے ڈائریکٹر کالجز کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ تعلیمی سیشن سے کالجز میں کلاسز کے اجراء کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ڈپٹی کمشنر خوشاب جہانزیب حسین، ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس، ایس ای بلڈنگ امانت علی، ایکسین ہائی ویز گلفام اعوان ، ایکسین لوکل گورنمنٹ، ڈائریکٹر کالجز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں