غیر قانونی ایل پی جی اور پٹرول بیچنے کیخلاف کریک ڈائون 24 دکانیں سیل مشینری ضبط
500 لٹر سے زائد پٹرول اور گیس کے درجنوں سلنڈرز برآمد ،27پٹرول مشینیں اور ری فلنگ میں استعمال ہونیوالی موٹریں قبضے میں لے کر مقدمات درج،کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)محکمہ سول ڈیفنس سرگودھانے غیر قانونی ایل پی جی پوائنٹس اور منی پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا، 2درجن سے زائد پٹرول مشینیں اور گیس ری فلنگ کا سامان قبضہ میں لے کر دوکانیں سیل کر دیں ، مقدمات درج کروا دیئے گئے ،سول ڈیفنس حکام کے مطابق ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر)محمد وسیم کی ہدایت پر شہر بھر میں ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ اور منی پٹرول ایجنسیوں ،ڈبہ سٹیشنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 27پٹرول مشینیں اور ری فلنگ میں استعمال ہونیوالی موٹریں قبضہ میں لے لی گئیں، پانچ سو لٹر سے زائد پٹرول اور گیس کے درجنوں سلنڈرز برآمد کر کے دوکانوں کو سیل کر دیا گیا ہے
مالکان کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے گئے ، سول ڈیفنس آفیسر معظم سلطان کا کہنا تھا کہ شہر سرگودھا میں پچھلے 7 ماہ میں بلاتفریق کاروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں 400 سے زائد پٹرول پمپوں کی مشینوں کو ضبط کرکے مختلف تھانوں میں 300 سے زائد مقدمات کا اندراج بھی کروایا گیا ، اس کے علاوہ غیر قانونی LPG پوائٹس کے خلاف بھی آپریشن میں100 سے زائد غیر قانونی LPG ر فیلنگ مشین ضبط بھی کی گئی اور 70 سے زائد مقدمات کا اندراج بھی کروایا گیامنی پٹرول پمپوں اور ایل پی جی پوائنٹس کے خلاف یہ کاروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سول ڈیفنس سرگودھا کا عملہ پوری ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہے اور محکمہ سول ڈیفنس سرگودھا کی ٹیم کیخلاف سوشل میڈیا اور ڈمی اخبارات میں جو پراپگنڈا کیا جا رہا ہے وہ قابل مذمت ہے۔