پارکس میں خفیہ کیمرے لگانے کا منصوبہ فائلوں میں بند
پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے تخریب کاری کے خدشے کے پیش نظر کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا ،ٹینڈر بھی جاری ،فنڈ ز کی عدم فراہمی کے باعث منصوبہ التوا کا شکار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا سمیت ریجن بھر میں فنڈز کی عدم فراہمی کی بناء پر پارکوں میں خفیہ کیمرے نصب کرنے کا منصوبہ فائلوں میں گم ہو کر رہ گیا ، ذرائع کے مطابق حکومت کی ہدایت پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سرگودھا نے ممکنہ تخریب کاری اور دہشتگردی کے خدشہ کے پیش نظر شہر کے اہم پارکوں میں خفیہ کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا تھا، اس سلسلہ میں ٹینڈر بھی جاری کر دیئے گئے ، بعد ازاں فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے یہ منصوبہ التواء کا شکار ہو گیا، ذرائع کاکہنا ہے کہ سرگودھا میں فنانس کے شعبہ میں ناتجربہ کاری کے باعث جہاں دیگرامور کیلئے فنڈز کی دستیابی ایک چیلنج ہے وہاں اس حوالے سے خصوصی گرانٹ کی سفارشات بھی مسلسل تاخیر کا شکار ہیں،دوسری جانب حساس ادارے کی جانب سے سکیورٹی آڈٹ میں اس امر کی واضح نشاندہی کرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کا اظہار کیاجا چکا ہے اس کے باوجود صورتحال کی ممکنہ سنگینی نظر اندازکی جا رہی ہے ،جبکہ اتھارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز ملتے ہی کیمرے نصب کر نے کے ساتھ ساتھ ان پارکوں میں کنٹرول روم بھی بنائے جائینگے جہاں پر عملہ تعینات ہو گا جو مشکوک حرکات اور شخص کی بروقت اطلاع پولیس کو دیگا۔