غیر معیاری گھی اور آئل کیخلاف کریک ڈائون کا حکم
کھلا گھی اور آئل عام طور پر 300 روپے فی کلو تیار کیا جاتا ہے ، درجہ اول کی پیکنگ میں بند کر کے کھلی مارکیٹ میں 500 سے 520 روپے فی کلو بیچا جارہا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)چیک اینڈ بیلنس کے فقدان اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مافیا نے شہری اور دیہی علاقوں میں چھوٹے چھوٹے یونٹ بنا کر غیر معیاری آئل اور گھی، وزن میں کمی کے ساتھ بڑے برانڈ کے گھی کی پیکنگ کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ کھلا گھی اور آئل عام طور پر 300 روپے فی کلو تیار کیا جاتا ہے ، جس کے بعد درجہ اول کی پیکنگ میں بند کر کے کھلی مارکیٹ میں 500 سے 520 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے ، جبکہ دیہی علاقوں میں اس کی فروخت شہری علاقوں کی نسبت زیادہ نوٹ کی گئی۔سنسٹیو ادارے کی نشاندہی پر سیکرٹری انڈسٹریز نے ضلعی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے فوری طور پر کریک ڈاؤن کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ بازاروں کے نمائندوں اور نمبرداروں کے تعاون سے مستقل چیک اینڈ بیلنس کو یقینی بنایا جائے اور شکایت سیل نمبرز فوری طور پر عوام کے لیے جاری کیے جائیں۔