داؤدخیل مسائلستان ‘گرلز سکول کے سامنے گڑھا جان لیوا خطرہ
داؤدخیل مسائلستان ‘گرلز سکول کے سامنے گڑھا جان لیوا خطرہ کھدائی کے دوران گیس کی لائن بھی توڑ دی گئی ‘زیر زمین کیبل بھی کٹ گئی ا
داؤدخیل (نمائندہ دنیا) میونسپل کمیٹی داؤدخیل کی مسلسل نااہلی اور عدم توجہی کے باعث شہر داؤدخیل مسائلستان بن کر رہ گیا ہے ۔ گرلز ہائی سکول کے سامنے گزشتہ دس دن سے کھودا گیا گڑھا تاحال بند نہ ہو سکا جو کسی بھی وقت بڑے جانی حادثے کا سبب بن سکتا ہے ۔ اسی خطرناک راستے سے گرلز سکول کی طالبات اور دو بوائز ہائی سکول کے طلبہ روزانہ آتے جاتے ہیں، جبکہ والدین شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق گڑھے کی کھدائی کے دوران گیس کی لائن بھی توڑ دی گئی جبکہ زیر زمین کیبل بھی کٹ گئی جس سے علاقہ مکین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں، اس سے قبل بھی یہی گڑھا کھودا گیا تھا جو کئی ماہ تک اسی حالت میں پڑا رہا اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اب ایک بار پھر سڑک کھود دی گئی ہے جبکہ راستہ پہلے ہی تنگ ہونے کے باعث بڑی گاڑیوں کو گزرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے اور ہیوی ٹریفک مکمل طور پر بند ہو چکی ہے ۔شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر و اسسٹنٹ کمشنر میانوالی اور ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد مگسی سے مطالبہ کیا ہے کہ گرلز سکول کے ساتھ کھودے گئے گڑھے کو فوری بند کروایا جائے ۔