صوبائی وزیر صحت کا نوازشریف کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کا دورہ
4فروری کو افتتاح سے قبل انتظامات، سہولیات اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ انفراسٹرکچر، طبی آلات، بجلی، پانی، سکیورٹی اور امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود کے ہمراہ گورنمنٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 4 فروری کو ہونے والے باقاعدہ افتتاح سے قبل ہسپتال میں کیے گئے انتظامات، طبی سہولیات اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیر صحت نے ہسپتال کے تمام شعبہ جات، وارڈز، او پی ڈی، ایمرجنسی، آئی سی یو، سی سی یو، آپریشن تھیٹرز، تشخیصی یونٹس، فارمیسی، لیبارٹری، نرسنگ اسٹیشنز اور دیگر معاون شعبوں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے ہسپتال کے تمام فلورز پر جا کر دستیاب سہولیات، صفائی کے انتظامات، جدید طبی مشینری کی تنصیب، سٹاف کی دستیابی اور مریضوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا بغور جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈین ہسپتال ڈاکٹر وارث فاروقہ اور بورڈ آف گورنرز کے اراکین بھی موجود تھے ۔ ڈین ہسپتال اور آئی ڈیپ کے انجینئرز نے صوبائی وزیر کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت، انفراسٹرکچر، طبی آلات، بجلی، پانی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔