ٹی ٹونٹی سیریز،پاکستان نے آسٹریلیا کو وائٹ واش کر دیا
آسٹریلیا کی ٹیم 208رنزکے تعاقب میں 96رنز پر ڈھیر ،نواز مین آف دی میچ سلمان علی آغا سیریز کے بہترین کھلاڑی، وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ کی ٹیم کو مبارکباد
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میں میچ میں 111 رنز سے شکست دے کر وائٹ واش کر دیا۔ پاکستان نے آخری بار آسٹریلیا (صفحہ5بقیہ نمبر3)کے خلاف 2018 میں 0-3 سے ٹی ٹونٹی سیریز جیتی تھی۔لاہور میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم 208 کے تعاقب میں 96 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔کینگروز کی جانب سے مارکس سٹوئنس 23 اور کیمرون گرین 22 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ ابرار احمد اور نسیم شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز سکور کیے ۔صائم ایوب 56 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ شاداب خان 46، خواجہ نافع 21، فخر زمان 10، کپتان سلمان آغا 5 اور محمد نواز 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔بابر اعظم 50 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے ۔
آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارشوئس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد نواز کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ کپتان سلمان علی آغا کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز میں کلین سویپ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کی پذیرائی کی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کرکٹ ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹونٹی سیریز کے تمام میچز اپنے نام کئے ۔ مجھے امید ہے کہ جیت کا یہ شاندار سلسلہ آئندہ بھی برقرار رہے گا۔ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز میں کئی دہائیوں بعدکلین سویپ پر مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹیم پاکستان کو شاندار کرکٹ کھیلنے پر شاباش دی ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ پاکستانی ٹیم نے دنیا کی بہترین ٹیم کو شکست دے کر برتری ثابت کردی۔