تین سال سے راجباہوں کی صفائی نہ ہونے پر کاشتکاروں کا احتجاج
تین سال سے راجباہوں کی صفائی نہ ہونے پر کاشتکاروں کا احتجاجٹیل تک پانی کی دستیابی ناممکن ہو کر رہ گئی ،کاشتکار پانی نہ ملنے پر مشکلات کا شکار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا شہر سمیت ضلع کی دیگر تحصیلوں، شاہ پور، بھلوال، سلانوالی، کوٹمومن ،بھیرہ اور ساہی وال کے سینکڑوں دیہاتوں سے گزرنے والے راجباہوں کی صفائی تین سال سے نہ ہونے کے باعث ٹیل پر واقع رقبہ جات کے کاشتکار سراپا احتجاج بن گئے ،متعلقہ علاقوں کے کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ راجباہوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ٹیل تک پانی کی دستیابی ناممکن ہو کر رہ گئی ہے اور کاشتکار وں کے رقبہ جات کو پانی نہ ملنے کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں،یہاں تک کہ حالیہ بھل صفائی میں بھی کوئی نوٹس نہیں لیا گیا،بعض علاقوں میں کاشتکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کی مگر 90فیصد راجباہ صفائی اور محکمہ انہار کی توجہ کے منتظر ہیں، باعث تشویش امر یہ ہے کہ تمام کاشتکار وں سے آبیانہ اور ٹیکس بھی وصول کیا جا رہا ہے ، محکمہ انہار افسران کو متعدد مرتبہ دادرسی کی اپیل کی مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ،راجباہ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، انہوں نے کمشنر و ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لے کر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔