یومِ یکجہتی کشمیر پر سیمینار، واک اور تصویری نمائش کا انعقاد

 یومِ یکجہتی کشمیر پر سیمینار، واک اور تصویری نمائش کا انعقاد

طلبا و طالبات کا تقاریر، ملی نغموں اور ٹیبلوز کے ذریعے شہدا کو خراج عقیدت بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے ،شوکت علی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ سرگودہا کے زیر اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر سرگودہا آرٹس کونسل کمپلیکس میں سیمینار، کشمیر واک اور تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کمشنر سرگودہا ڈویژن حافظ شوکت علی، ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری، ڈی پی او صہیب اشرف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ڈائریکٹر انفارمیشن، ڈائریکٹر آرٹس کونسل، اسسٹنٹ کمشنر سمیت سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے آرٹس کونسل گیلری میں کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم پر مبنی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سرگودہا حافظ شوکت علی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام طویل عرصے سے بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے ،ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم دنیا کو یاد دلاتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے ۔

بھارت کے بدترین ریاستی جبر نے تحریکِ آزادی کشمیر کو مزید مضبوط کیا ہے ۔ پروفیسر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور پوری قوم کشمیر کی آزادی کے لیے دعا گو ہے ،سیمینار میں شریک مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات نے تقاریر، ملی نغموں اور ٹیبلوز کے ذریعے تحریکِ آزادی کشمیر کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بھی پیش کیے گئے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں