پتنگ بازی کیخلاف سخت فوری کریک ڈائون کا حکم
حکومت نے صرف لاہور میں 3مخصوص دنوں میں پتنگ بازی کی اجازت دی ،ڈپٹی کمشنرز اور اے سیز اپنے اضلاع پر پتنگ بازی پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں،کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ڈویژن بھر میں پتنگ بازی کے خلاف سخت اور فوری کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیئے اورتمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے صرف لاہور میں اور وہ بھی تین مخصوص دنوں کے لیے پتنگ بازی کی اجازت دی گئی ہے ، اس کے علاوہ پنجاب کے کسی بھی ضلع یا شہر میں کسی قسم کی پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہے ۔ کمشنر نے کہا کہ کسی بھی مقام پر پتنگ اڑانے ، پتنگ ڈور یا کیمیکل ڈور کی تیاری، ذخیرہ، فروخت یا استعمال کی صورت میں فوری قانونی کارروائی کی جائے ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز مقدمات درج کیے جائیں اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس بات کے ذمہ دار ہوں گی کہ چھتوں، گلی محلوں، سڑکوں اور کھلے مقامات پر کڑی نگرانی رکھی جائے اور جہاں کہیں بھی پتنگ بازی یا ڈور کے استعمال کی اطلاع ملے وہاں فوری کارروائی یقینی بنائی جائے ۔