ڈی پی او خوشااب کے رات گئے ناکوں، تھانوں کے معائنے
پولیس افسران و اہلکاروں کی ڈیوٹی کو چیک کیا ،الرٹ رہنے کی ہدایت
خوشاب (نمائندہ دنیا)ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے رات گئے ضلع کے مختلف علاقوں میں قائم پولیس ناکہ جات، پولیس چیک پوسٹ آدھی کوٹ اور تھانہ نورپور تھل کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کی ڈیوٹی کو چیک کیا اور موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر الرٹ ہو کر فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔ڈی پی او نے تھانہ نورپور کے فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ، حوالات اور تھانے کی عمارت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ فرنٹ ڈیسک پر زیر التوا درخواستوں اور ریکارڈ کی تکمیل کا بھی معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے تھانے کی عمارت کی ضروری مرمت اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ان معائنوں کا مقصد پولیس کی کارکردگی جانچنا اور سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنانا ہے ۔