میانوالی:کمشنر کا دورہ، ترقیاتی سکیموں اور ہسپتالوں کا معائنہ
میانوالی:کمشنر کا دورہ، ترقیاتی سکیموں اور ہسپتالوں کا معائنہ مریم نواز کے متوقع دورہ میانوالی کے انتظامات دیکھنے سپورٹس سٹیڈیم بھی گئے
میانوالی (نامہ نگار) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے میانوالی کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق کمشنر نے ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی کے ہمراہ اربن بیوٹیفکیشن پروجیکٹ اور زیر تکمیل سرکٹ ہاؤس کا دورہ کر کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔اس کے بعد کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میانوالی کا بھی دورہ کیا، کیتھ لیب کا معائنہ کیا، شعبہ امراض قلب میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور ان سے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ کمشنر نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی میں کیتھ لیب کا قیام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا انقلابی اقدام ہے ۔ بعد ازاں انہوں نے ہسپتال کے تمام شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا اور موجود مریضوں و لواحقین سے طبی سہولیات کے بارے میں رائے لی۔دریں اثنا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے متوقع دورہ میانوالی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں کمشنر اور ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا شہزاد آصف خان نے ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی اور ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ رائے محمد اجمل کے ہمراہ میانوالی سپورٹس سٹیڈیم کا دورہ کیا اور جلسہ گاہ کے انتظامی و سیکورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔