سرگودھاریجن میں جعلی حکیموں عاملوں کی لوٹ مار

سرگودھاریجن میں جعلی حکیموں عاملوں کی لوٹ مار

وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے 3,721نیم حکیموں اور جعلی عاملوں کے کوائف مرتب ، فوری اور موثر ایکشن لیا جائے تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے :شہری

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں طبی اور روحانی علاج کے نام پر لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف ایکشن کے احکامات دبا کر انہیں کھلی چھوٹ دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے گزشتہ سال ابتدائی طور پر 3,721 نیم حکیموں اور جعلی عاملوں کے کوائف مرتب کیے گئے ، جن میں 128 خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ افراد مختلف مہلک امراض کے شرطیہ علاج کے نام پر لوٹ مار میں مصروف ہیں اور سادہ لوح عوام کی بڑی تعداد ان کا نشانہ بن رہی ہے ۔اعدادوشمار کے مطابق ضلع سرگودھا میں 134، خوشاب میں 47، میانوالی میں 50 اور بھکر میں 72 عطائی، نیم حکیم اور جعلی عامل شامل ہیں، جو پرکشش اشتہارات کے ذریعے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا کر اپنی طرف راغب کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور ہیلتھ کیئر کمیشن کی مشترکہ ٹیمیں بنا کر ملوث عناصر کے خلاف فوری کاروائی کی ہدایت دی گئی تھی، مگر نچلی سطح پر مختصر کارروائیوں کے بعد بیشتر افراد سے ساز باز کر کے انہیں مزید چھوٹ دے دی گئی۔ صورتحال روز بروز گھمبیر ہوتی جا رہی ہے ۔دوسری جانب شہریوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سلسلے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری اور موثر ایکشن لیا جائے تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں