شہر کے داخلی راستوں کو بہتر اور نمایاں بنایا جائے ،ڈپٹی کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چو دھری نے شہری سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف اہم مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی روڈ پر واقع بوٹینیکل گارڈن، شہر کے داخلی راستے بائی پاس روڈ اور جنرل بس اسٹینڈ کا معائینہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بوٹینیکل گارڈن میں شجرکاری، صفائی اور مجموعی حالت کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے لیے اس مقام کو مزید بہتر اور محفوظ بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سرسبز مقامات شہری ماحول کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے شہر کے داخلی راستے بائی پاس روڈ کا دورہ کیا اور صفائی، ٹریفک کی روانی اور خوبصورتی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شہر کے داخلی راستوں کو بہتر اور نمایاں بنایا جائے تاکہ شہر کا مثبت تاثر قائم ہو۔ جنرل بس اسٹینڈ سرگودھا کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا معائنہ کیا۔ انہوں نے واضح ہدایت دی کہ بس اسٹینڈ پر نظم و ضبط، صفائی اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور عوامی سہولیات میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہری سہولیات کی بہتری کو ترجیح دی جائے اور عوامی مقامات پر معیار کو برقرار رکھا جائے ۔