رمضان کارڈ کی شفاف اور بروقت تقسیم یقینی بنانیکا حکم
ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز عوامی مسائل کے حل کیلئے متحرک رہیں:کمشنر
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر حافظ شوکت علی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کے رمضان کارڈ کی تقسیم، پلس پراجیکٹ کے تحت جاری اقدامات، رمضان المبارک کیلئے جاری کردہ ایس او پیز، سیکیورٹی انتظامات اور دیگر اہم انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے رمضان کارڈ کی تقسیم کے طریقہ کار، مستحقین کی نشاندہی، مراکز کے قیام، شفافیت کے انتظامات اور فیلڈ تیاریوں پر بریفنگ دی۔
کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ رمضان کارڈ کی تقسیم کا عمل ہر صورت بروقت، شفاف اور عزت و احترام کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ اصل مستحقین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر غفلت، کوتاہی یا تاخیر ناقابلِ برداشت ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان کے دوران بازاروں میں اشیائے خورونوش کی وافر دستیابی، کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے ۔