ڈپٹی کمشنر حسین سے ممبران امن کمیٹی کے وفد کی ملاقات
ڈپٹی کمشنر حسین سے ممبران امن کمیٹی کے وفد کی ملاقات امن و امان ، مستقبل کے لائحہ عمل اور باہمی رابطے کو مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے قاری احمد علی ندیم کی قیادت میں ممبران امن کمیٹی ومتحدہ علماء کونسل کے وفد ڈویژنل خطیب قاری وقار احمد عثمانی ،امیر افضل اعوان، علامہ عبداﷲ سعید ہاشمی،سید رضا شاہ،مولانامحمد عمر فاروقی سے ملاقات میں رمضان المبارک میں احترام رمضان پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے امن کمیٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے خطبات کے زریعے عوام میں برداشت، اتحاد اور ذمہ داری کے شعور کو مزید فروغ دیں اور کسی بھی مسئلے کی بروقت نشاندہی انتظامیہ کے ساتھ کریں۔اس ملاقات کے دوران ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، مستقبل کے لائحہ عمل اور باہمی رابطے کو مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔جبکہ وفد نے ان کی سرگودھا میں تعیناتی پر انہیں گلدستہ پیش کیا۔