کالاباغ میں 110مستحق بچیوں کی اجتماعی شادی

کالاباغ میں 110مستحق بچیوں کی اجتماعی شادی

کالاباغ (نمائندہ دنیا)کالاباغ کے نواحی علاقہ ماڑی انڈس میں غریب، نادار اور مستحق بچیوں کی اجتماعی شادی کی شاندار تقریب الفجر انسٹیٹیوٹ میں منعقد ہوئی، جس میں 110جوڑے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے ۔ ہر دلہن کو دو لاکھ روپے کا جہیز بھی دیا گیا۔ تقریب میں ملک بھر کے کاروباری، سماجی اور سیاسی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔یہ اجتماعی شادی ہر سال انجمن سماجی بہبود ماڑی انڈس کی جانب سے منعقد کی جاتی ہے ۔ تقریب میں صوبائی وزیر آبپاشی پیر زادہ مرید کاظم، علی حیدر نور خان نیازی ایم پی اے ، ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی اور ڈی پی او محمد اجمل نے خصوصی شرکت کی۔

نئی زندگی کا آغاز کرنیوالی دلہنوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں شادی اور جہیز کے اخراجات برداشت کرنا آسان نہیں، اس لیے اجتماعی شادی کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے ۔ انہوں نے اجتماعی شادی کے منتظمین کا شکریہ بھی ادا کیا۔صوبائی وزیر آبپاشی پیر زادہ مرید کاظم نے علامہ سید افتخار حسین نقوی کے اس اقدام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اجتماعی شادیوں کی یہ اچھی روایت مزید فروغ پانے کی ضرورت رکھتی ہے ۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر علامہ سید افتخار حسین نقوی نے نئے جوڑوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ پروگرام معاشرے میں خیر و برکت اور مستحق جوڑوں کے والدین کے لیے خوشی و مسرت کا ذریعہ بنتا ہے ۔نکاح کی رسم کے بعد دلہے عروسی ملبوسات میں سجی سنوری دلہنوں کو اپنے ساتھ لے کر روانہ ہوئے ، اور شادی شدہ جوڑوں کے اہلخانہ نے اس اقدام کو احسن قرار دیا۔ اجتماعی شادی کی پروقار تقریب کے شرکاء کے لیے دعوت ولیمہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں