بھیرہ میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت
بھیرہ میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کسی قسم کی مصلحت برداشت نہیں کی جائیگی:انچارج سی ایم کمپلینٹ سیل
بھیرہ (نامہ نگار دنیا)سی ایم کمپلینٹ سیل کے انچارج شعیب مرزا نے کہا ہے کہ عوام کو انصاف کی بروقت فراہمی اور فوری ریلیف مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے اور شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی مصلحت برداشت نہیں کی جائے گی۔وہ بھیرہ پریس کلب رجسٹرڈ کے ارکان سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ سوشل میڈیا ہیڈ میاں سبحان یامین بھی موجود تھے ۔ شعیب مرزا نے کہا کہ مہنگائی اور قانون شکن عناصر کا خاتمہ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور متعلقہ ادارے اس سلسلے میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر عشنہ طاہر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شعیب مرزا نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کی ایمرجنسی، ادویات اسٹور، تھانہ، تحصیل کمپلیکس، فاطمہ جناح فیملی پارک، ماڈل مارکیٹ اور مختلف علاقوں کا دورہ کر کے عوامی مسائل کا جائزہ بھی لیا۔