پنجاب حکومت رواں سال کسانوں سے براہ راست 25 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدے گی

پنجاب حکومت رواں سال کسانوں سے براہ راست 25 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدے گی

خریداری 3,500 روپے فی من کے نرخ پر کی جائے گی،ڈویژنل سٹریٹجک ریزرو کمیٹی کے اجلاس میں تمام معاملات پر غور کیا گیا ، ایگریگیٹر کی شمولیت کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئیں

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ڈویژنل سٹریٹجک ریزرو کمیٹی کا پہلا اجلاس کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر زراعت، ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک، کراپ رپورٹنگ کے افسران، بینک آف پنجاب کے نمائندگان، متعلقہ افسران، کسان نمائندے اور فلور ملز مالکان نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت رواں سال ایگریگیٹر کے ذریعے کسانوں سے براہِ راست 25 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدے گی، خریداری 3,500 روپے فی من کے نرخ پر کی جائے گی۔ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک نے بتایا کہ ایگریگیٹر کی شمولیت کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں اور دلچسپی رکھنے والے ادارے مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپلائی کر سکتے ہیں۔ اجلاس کو حکومت کی نئی گندم پالیسی کی تفصیلات، طریقہ کار اور شرائط سے آگاہ کیا گیا تاکہ خریداری کا عمل شفاف اور بروقت مکمل کیا جا سکے ۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ رواں سال چاروں اضلاع میں 16 لاکھ 84 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کی گئی ہے ۔ بروقت بارشوں اور سازگار موسمی حالات کے باعث فی ایکڑ اوسط پیداوار 31 من متوقع ہے ۔حکومتیں مجموعی طور پر 62 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدیں گی۔ چاروں اضلاع میں کھاد اور دیگر زرعی مداخل وافر مقدار میں مقررہ سرکاری نرخوں پر دستیاب ہیں۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ گندم خریداری کے تمام مراحل میں شفافیت، بروقت ادائیگی اور کسانوں کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں