پبلک پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب خصوصی تربیتی پروگرام شروع
قتل، زیادتی کے عدالتی طریقہ کار سے متعلق تربیت فراہم کی جائے گیپروگرام کا مقصد پراسیکیوشن اور تفتیش کے درمیان ہم آہنگی بہتر بنانا، ترجمان
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)پبلک پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے سنگین مقدمات کی مؤثر پیروی اور تفتیشی نظام میں بہتری کیلئے پراسیکیوٹرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے مقصد سے خصوصی تربیتی پروگرام شروع کر دیا ہے ۔ یہ کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام سنٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ آف پبلک پراسیکیوٹرز پنجاب کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے ۔تربیتی پروگرام میں قتل، زیادتی، بدفعلی اور منشیات کے مقدمات کی پیروی کرنیوالے پراسیکیوٹرز کو جدید قانونی تقاضوں، شواہد کے مؤثر استعمال، چالان کی تیاری اور عدالتی طریقہ کار سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ پولیس کے تفتیشی افسران بھی بطور ٹرینر شریک ہو کر شواہد اکٹھا کرنے ، فرانزک معاونت اور تفتیشی چیلنجز پر رہنمائی دیں گے ۔ترجمان کے مطابق پروگرام کا مقصد پراسیکیوشن اور تفتیش کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر بنانا، سنگین جرائم میں سزا کی شرح بڑھانا اور عوام کو بروقت و معیاری انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔