محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام احترامِ رمضان کانفرنس کا انعقاد
رمضان محض بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ یہ اپنے نفس کی اصلاح کا مہینہ ،وقار عثمانی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام احترامِ رمضان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زونل خطیب اوقاف قاری وقار عثمانی نے کہا کہ رمضان المبارک محض بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ یہ اپنے نفس کی اصلاح، صبر و برداشت اور دوسروں کے حقوق ادا کرنے کا مہینہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس مقدس مہینے میں اپنے رویوں، معاملات اور عبادات کو بہتر بنانے کا عزم کرنا چاہیے ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین مولانا قاضی نگاہ مصطفی، مولانا عبداﷲ سالک، مولانا سیف اﷲ خالد، مولانا محبوب الحسین، مولانا طارق قادری اور منیجر اوقاف شاکر عباس نے اپنے خطابات میں کہا کہ رمضان ہمیں اتحاد، اخوت اور رواداری کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ معاشرے میں برداشت، بھائی چارے اور قانون کی پاسداری کو فروغ دیا جائے تاکہ ایک پرامن اور مثالی معاشرہ تشکیل پا سکے ۔ زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف شیخ جمیل نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اوقاف کی جانب سے مساجد اور مزارات پر رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی، صفائی، بجلی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تاکہ عبادت گزاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ کانفرنس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔