بیوپاریوں نے پھلوں کی قلت پیدا کر کے لوٹ کیلئے لنگوٹ کس لئے
انتظامیہ شہریوں کو ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر چھوڑکر سب اچھا کا راگ الاپ رہی ستم ظریفی یہ بھی ہے کہ کسی آفیسر کے اچانک معائنہ سے قبل ہر طرف الرٹ کر دیا جاتا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) مارکیٹ کمیٹی کی مبینہ ملی بھگت سے منافع خوروں نے رمضان المبارک میں سبزیوں اور پھلوں کی مصنوعی قلت پیدا کر کے لوٹ مار کیلئے لنگوٹ کس لئے ،اور مارکیٹ کمیٹی ضلعی و صوبائی حکام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں مصروف ہے جس کا انداز اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف اشیاء کی قیمتوں کے تعین کا چار ٹ ارسال کیا جاتا ہے جبکہ جن قیمتوں پر یہ اشیاء فروخت ہو رہی ہیں ان کا سرے سے ذکر ہی نہیں، اس طرح مارکیٹ کمیٹی انتظامیہ مبینہ ساز باز کر کے دوہری پالیسی اپنا کو شہریوں کو ذخیرہ اندوزوں ومنافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑکر سرکاری ریکارڈ میں سب اچھا کا راگ الاپ رہی ہے ،سبزیوں ،پھلوں کے نرخوں کا تعین کمیشن ایجنٹ اپنی مرضی سے کر تے ہیں۔
مارکیٹ کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران بالا انہیں خود کہتے ہیں کہ قیمتیں کم سے کم ظاہر کریں چاہئے ان کی فروخت کسی بھی قیمت پر ہو، اور ستم ظریفی یہ بھی ہے کہ کسی آفیسر کے اچانک معائنہ سے قبل ہر طرف الرٹ کر دیا جاتا ہے ،دوسری طرف بازاروں میں ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول نہ ہونے کے باعث شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عام بازاروں اور گردونواح میں دکاندار من مانے ریٹس پر اشیاء فروخت کررہے ہیں جس کی وجہ سے غریب عوام منہ مانگے داموں پر اشیاء خریدنے پر مجبور ہے حکومت اربوں روپے کی سبسڈی دینے کی بجائے بازاروں میں فروخت ہونیوالی اشیاء کو کنٹرول کرے تو عوام کیلئے یہی سب سے بڑی سبسڈی ہے ۔