گورنمنٹ کالج خواتین چاندنی چوک میں سپورٹس گالا کی تقریب

گورنمنٹ کالج خواتین چاندنی چوک میں سپورٹس گالا کی تقریب

ہرڈل ریس، سپون ریس \' بوری ریس اور تھری لیگ ریس کے مقابلے ہوئے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین چاندنی چوک میں سالانہ سپورٹس گالا کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طالبات، اساتذہ اور معزز مہمانانِ گرامی نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ مہمانِ خصوصی پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر صفانہ شاہین نے سپورٹس گالا کا باقاعدہ افتتاح کیا۔کالج کوخوبصورتی سے سجا ہوا تھا۔ امن کی علامت کے طور پر کبوتروں کو فضا میں چھوڑا گیا اورطالبہ نے مشعل اٹھا کر پورے گراؤنڈ کا چکر لگایا جس سے کھیلوں کے باضابطہ آغاز کا اعلان ہوا اور مختلف دستوں نے شان دار پریڈ پیش کی۔

کالج کے بینڈ نے خوبصورت دھنیں بکھیر کر ماحول کو اور خوب صورت بنا دیاکالج کی سینئر گائیڈز کا دستہ، کلین اینڈ گرین مہم سے وابستہ طالبات، اور کالج کی پراکٹرز پر مشتمل دستہ سب نے بہترین انداز میں مارچ پاسٹ کیا جسے حاضرین نے بھرپور داد دی۔کھیلوں کے مقابلوں میں مختلف دلچسپ اور سنسنی خیز منعقد ہوئے جن میں ہرڈل ریس، سپون ریس \' بوری ریس اور تھری لیگ ریس شامل تھیں۔ طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کا ایک دلچسپ مرحلہ اساتذہ اور طالبات کے درمیان ٹگ آف وار (رسہ کشی) کا مقابلہ تھا جس میں اساتذہ نے کامیابی حاصل کی۔

اس کے بعد اساتذہ کے درمیان میوزیکل چیئر کا مقابلہ بھی منعقد ہوا جس نے ماحول کومزید خوش گوار بنا دیابعد ازاں ایک خوب صورت ورائٹی پروگرام پیش کیا گیا جس میں صوفیانہ کلام، ثقافتی پروگرام اور پنجاب کی روایتی ثقافت کے دل کش رنگ نمایاں تھے ۔ طالبات کی پرفارمنس نے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی اور تقریب کو چار چاند لگا دیے ۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر صفانہ شاہین نے منتظمین، اساتذہ اور طالبات کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صحت مند سرگرمیاں طالبات کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی قیادت بھی نوجوان نسل، خصوصاً طالبات کی جسمانی فٹنس اور کھیلوں میں شرکت کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ہم اسی وژن کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی طالبات کو ہم نصابی سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں