یونیورسٹی آف سرگودھا میں فارمر فیلڈ ڈے ، پراجیکٹ کا جائزہ
یونیورسٹی آف سرگودھا میں فارمر فیلڈ ڈے ، پراجیکٹ کا جائزہمقصد سٹرس کی پیداوار اور منڈی میں مسابقت بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لینا تھا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام اور آسٹریلین سنٹر فار انٹرنیشنل ایگریکلچر ریسرچ کے تعاون سے جاری سٹرس ویلیو چین پراجیکٹ کے تحت چک 118 شمالی میں فارمر فیلڈ ڈے کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد سٹرس کی پیداوار اور منڈی میں مسابقت بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لینا اور کاشتکاروں، دیہی خواتین اور زرعی ماہرین کے درمیان تجربات کے تبادلے کو فروغ دینا تھا۔پراجیکٹ ٹیم لیڈر پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان اللہ نے کہا کہ منصوبے کا بنیادی ہدف پھل کے معیار میں بہتری، مؤثر مارکیٹنگ نظام کا فروغ اور تحقیق پر مبنی اقدامات کے ذریعے کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ ہے ۔
پرنسپل کالج آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا نے اس منصوبے کو تحقیق اور کاشتکار برادری کے درمیان فاصلے کو کم کرنے کی اہم پیش رفت قرار دیا۔ڈاکٹر لقمان نے عملی مظاہروں اور کسانوں کی مؤثر شمولیت کے ذریعے جدید پیداواری اور بعد از برداشت طریقہ کار اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ دیگر مقررین میں ڈاکٹر راحیل انور، ملک عبد الرحمن، ڈاکٹر صائمہ صدف، ڈاکٹر محمد یاسین، ڈاکٹر عمارہ عینی اور ڈاکٹر حمیرا امین شامل تھے ، جنہوں نے فیلڈ سطح پر درپیش مسائل اور سٹرس سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔پراجیکٹ آفیسر ڈاکٹر احسن قریشی، سوشل موبلائزر مس شفق اور ریسرچ ایسوسی ایٹ مسٹر طلحہ نے کاشتکاروں کی بھرپور شرکت کو سراہا۔