حادثات کی روک تھام کیلئے ہائی وے پٹرولنگ کو الرٹ
حادثات کی روک تھام کیلئے ہائی وے پٹرولنگ کو الرٹاوورسپیڈ اور اوورلوڈ گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی، مؤثر گشت جاری کی ہدایات
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) سحر و افطار کے اوقات میں ٹریفک حادثات میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب ہائی وے پٹرول سرگودھا ریجن نے تمام پٹرولنگ پوسٹوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے ۔ایس پی پٹرولنگ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اوقات میں ڈرائیور حضرات عجلت کے باعث حد رفتار سے تجاوز کرتے ہیں جو حادثات کا سبب بنتا ہے ، لہٰذا پٹرولنگ ٹیمیں سحر و افطار کے دوران خصوصی طور پر مستعدی سے ڈیوٹی سرانجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اوورسپیڈ اور اوورلوڈ گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سپیڈ چیکنگ پر مامور موبائلز حد رفتار کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری ایکشن لیں گی۔ہدایات کے مطابق سٹینڈ بائی نفری کو بھی پٹرولنگ پوسٹوں پر موجود رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری رسپانس ممکن بنایا جا سکے ۔ایس پی پٹرولنگ نے اضلاع کے ڈی ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ جوانوں کے سحر و افطار کا بندوبست پٹرولنگ پوسٹوں پر ہی یقینی بنایا جائے تاکہ ان اوقات میں پٹرولنگ موبائلز کا مؤثر گشت بلا تعطل جاری رکھا جا سکے ۔