کمشنر کا رمضان نگہبان کارڈ ایکٹیویشن سنٹرکا دورہ ، حاضری چیک کی
کمشنر کا رمضان نگہبان کارڈ ایکٹیویشن سنٹرکا دورہ ، حاضری چیک کیرمضان نگہبان پروگرام حکومت پنجاب کا ایک اہم فلاحی اقدام ، مقصد ریلیف دینا ہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چودھری کے ہمراہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس میں قائم رمضان نگہبان کارڈ ایکٹیویشن سنٹرکا دورہ کیا اور سنٹر پر موجود سٹاف کی حاضری، شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور کارڈ ایکٹیویشن کے عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مستحق افراد کو بروقت اور باعزت طریقے سے سہولت فراہم کی جائے اور کسی بھی شہری کو غیر ضروری انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس موقع پر کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ رمضان نگہبان پروگرام حکومت پنجاب کا ایک اہم فلاحی اقدام ہے جس کا مقصد مستحق خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نظام قائم رکھا جائے ۔دورے کے دوران شہریوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ کمشنر نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ خوش اخلاقی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا احمد شیر گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن علی یامین بلوچ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن پنجاب کونسل آف دی آرٹس محمد خان ہرگن بھی ان کے ہمراہ تھے ۔