احترام رمضان آرڈیننس پر عملدر آمد نہ ہوسکا ،ضلع بھر میں دن کے وقت ہوٹل کھلے

احترام رمضان آرڈیننس پر عملدر آمد نہ ہوسکا ،ضلع بھر میں دن کے وقت ہوٹل کھلے

بس اڈوں، ہسپتالوں اور عوامی مقامات روزہ خوروں کی آماجگاہیں، بعض مقامات پر سرعام سگریٹ نوشی اور پانی و مشروبات کا استعمال بھی جاری ،شہریوں کی طرف سے سخت کارروائی کا مطالبہ

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کے باعث احترامِ رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد نہ ہو سکا دن کے اوقات میں ہوٹل اور کینٹینزکھلی رہنے لگی ہیں۔انتظامیہ کی پابندی کے باوجود بس اور ویگن اڈوں، سرکاری و نجی ہسپتالوں، ریلوے سٹیشن اور دیگر عوامی مقامات پر تقریباً 300 مقامات پر دن بھر چائے اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں۔ ان مقامات پر ‘‘صرف مسافروں اور مریضوں کے لیے ’’ کے بورڈ آویزاں ہیں، تاہم یہاں روزہ خور افراد کی آمدورفت معمول بن چکی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہمسافروں اور مریضوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے جبکہ روزہ خور افراد کھلے عام ان سہولیات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

مزید یہ کہ اکثر ہوٹلوں اور کینٹینوں میں غیر معیاری اور مضر صحت اشیائے خورونوش فروخت کی جا رہی ہیں۔تشویشناک امر یہ بھی ہے کہ بعض مقامات پر سرعام سگریٹ نوشی اور پانی و مشروبات کا استعمال بھی جاری ہے ، روزہ داروں کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں۔شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں