ڈپٹی کمشنر کا ای خدمت مرکز میلہ منڈی روڈ کا اچانک دورہ
ڈپٹی کمشنر کا ای خدمت مرکز میلہ منڈی روڈ کا اچانک دورہ مختلف کاؤنٹرز، ویٹنگ ایریا اور دیگر انتظامات کا معائنہ،عملے کی کارکردگی کا جائزہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے ای خدمت مرکز میلہ منڈی روڈ کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی مختلف سرکاری خدمات اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انچارج سنٹر نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مرکز میں شہریوں کو رجسٹریشن اور رجسٹریوں سے متعلق خدمات، ڈرائیونگ لائسنسنگ، ڈومیسائل، ای اسٹامپ، فرد کے اجرا سمیت متعدد سرکاری سروسز ایک ہی جگہ پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ بڑی تعداد میں شہری یہاں آ کر مختلف سرکاری امور سے متعلق خدمات حاصل کرتے ہیں اور ان کی سہولت کے لیے الگ الگ کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف کاؤنٹرز، ویٹنگ ایریا اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
انہوں نے موقع پر موجود شہریوں سے ملاقات بھی کی۔ اور ان سے فراہم کی جانے والی سہولیات، عملے کے رویے اور سروس کی رفتار کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور باعزت انداز میں خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ای خدمت مراکز کا مقصد عوام کو ایک ہی جگہ پر زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ سائلین کی رہنمائی کے لیے موثر نظام برقرار رکھا جائے ، صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کو بہتر رکھا جائے جبکہ سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔