مقررہ کرایوں کی وصولی یقینی بنانے کیلئے سرگودھا بھر میں کریک ڈائون
ہر گاڑی میں مسافروں سے کرایوں کے بارے میں دریافت کیا جا رہا ہے تاکہ زائد وصولی کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے ، خلاف ورزی پر گاڑیوں کو بند کیا جا رہا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عیدالفطر کے موقع پر مسافروں سے مقررہ کرایوں کی وصولی یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر سرگودہا حسین احمد رضا چوہدری کی نگرانی میں تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز اور سیکرٹری آر ٹی اے کی قیادت میں خصوصی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔ افسران کی جانب سے ٹرانسپورٹ اڈوں اور شاہراہوں پر چلنے والی گاڑیوں کی باقاعدہ چیکنگ کی جا رہی ہے ۔ ہر گاڑی میں مسافروں سے کرایوں کے بارے میں دریافت کیا جا رہا ہے تاکہ زائد وصولی کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ جہاں کہیں بھی اوورچارجنگ کی شکایت موصول ہو رہی ہے ، متعلقہ ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ خلاف ورزی پر گاڑیوں کو بند کیا جا رہا ہے اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کریک ڈاؤن عید کے دنوں کے دوران اور اس کے بعد بھی جاری رہے گا تاکہ مسافروں کو مکمل ریلیف فراہم کیا جا سکے اور ٹرانسپورٹرز کو قانون کا پابند بنایا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاری اڈوں پر مسافروں کے لیے افطاری کا بھی خصوصی انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ سفر کرنے والے افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ عید کے موقع پر عوام کو ریلیف ملے اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔