ای بزنس پورٹل شہریوں کے لیے آسان اور مؤثر ذریعہ بن گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے متعارف کرایا گیا ای بزنس پورٹل شہریوں کے لیے سہولت کا سب سے آسان اور مؤثر ذریعہ بن گیا ہے ۔
اب لوگوں کو کسی بھی سرکاری محکمے میں جانے کی ضرورت نہیں رہی اور وہ گھر بیٹھے تمام سروسز حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ای بزنس پورٹل ضلع سرگودھا میں مکمل طور پر فعال ہے اور تمام محکمے اپنی سروسز سے متعلق درخواستیں اسی پلیٹ فارم پر وصول اور پراسیس کر رہے ہیں،انہوں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع سرگودھا میں اب تک ای بزنس پورٹل پر 1695 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 1208 پر کارروائی مکمل کی جا چکی ہے جبکہ 1146 درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔ مزید 486 درخواستوں پر مختلف محکموں میں کارروائی جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق مختلف محکمہ جات میں 227 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے جبکہ 269 درخواستیں شہریوں کی جانب سے فیس جمع نہ کروانے یا مطلوبہ دستاویزات مکمل نہ ہونے کے باعث زیر التواء ہیں۔