دوکانداروں سے بھتہ بٹورنے والے عوام کے ہتھے چڑھ گئے

دوکانداروں سے بھتہ بٹورنے والے عوام کے ہتھے چڑھ گئے

دوکانداروں سے بھتہ بٹورنے والے عوام کے ہتھے چڑھ گئے جعلی رسیدیں اور اصلی پولیس کارڈز برآمد ،پولیس کے حوالے کردیا گیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) قانون کے محافظوں نے ہی قانون کی دھجیاں اڑا دیں،دوکانداروں سے بھتہ بٹورنے والے \'سرکاری کارندے \' عوام کے ہتھے چڑھ گئے جن کے قبضے سے جعلی رسیدیں اور اصلی پولیس کارڈز برآمد ہونے پر انہیں پولیس کے حوالے کردیا گیا ،بتایا جاتا ہے کہ شاہ پور میں قانون کی دھجیاں اڑانے کا انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے ۔ جہاں میلہ شاہ شمس شیرازی کے بازار میں ریفلیکٹنگ جیکٹس پہنے تین افراد خود کو ضلع کونسل کا ملازم ظاہر کر کے دکانداروں سے زبردستی فی کس 500 روپے ’’ٹیکس‘‘وصول کر رہے تھے ۔ دکانداروں کو شک گزرا تو انہوں نے ان افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ گرفتار ہونے والے علی حسن، ندیم آفتاب اور محمد دانیال میں سے دو ملزمان کا تعلق محکمہ پولیس سے ہے اور وہ پولیس ٹریننگ سکول سرگودھا میں تعینات ہیں،پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے دو عدد رسید بکس، پولیس کارڈز اور دکانداروں سے بٹوری گئی رقم برآمد کر لی گئی ہے ۔ گرفتار پولیس اہلکاروں اور ان کے ساتھی کے خلاف دھوکہ دہی اور بھتہ خوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں