ٹراسپورٹرزنے انٹرسٹی کرایوں میں مزید 15 فیصد تک ازخود اضافہ کردیا

ٹراسپورٹرزنے انٹرسٹی کرایوں میں مزید 15 فیصد تک ازخود اضافہ کردیا

حکومتی رٹ کا قیام چیلنج بن کر رہ گیا،چیک اینڈ بیلنس کا فقدان، ٹرانسپورٹرز کا حوصلہ بڑھا رہا ،پرائیویٹ پارٹنر شپ میں پیسہ لگانے والے ٹرانسپورٹرز سے کسی قسم کی کوئی باز پرس نہیں ہوتی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) انتظامیہ کی کمزور گرفت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں، بین الاضلاعی اور انٹر سٹی کرایوں میں مزید 15 فیصد تک از خود اضافہ ، جبکہ حکومتی رٹ کا قیام چیلنج بن کر رہ گیاہے ،ذرائع کے مطابق چیک اینڈ بیلنس کا فقدان جہاں ٹرانسپورٹرز کا حوصلہ بڑھا رہا ہے وہاں پرائیویٹ پارٹنر شپ میں پیسا لگانے والے ٹرانسپورٹرز سے کسی قسم کی کوئی باز پرس نہیں، راولپنڈی ،لاہور،فیصل آباد، پشاور، جھنگ، ملتان سمیت دیگر شہروں کو چلنے والی ٹرانسپورٹ کے مالکان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کوجواز بنا کر ایک مرتبہ پھر کرایے بڑھا دیئے ہیں، ستم ظریفی یہ ہے کہ پرائیویٹ پارٹنر شپ کے منصوبوں میں انتظامیہ کی معاونت کرنے کی بناء پر انہیں لوٹ مار کی کھلم کھلا اجازت ہے ، یہی نہیں ریفرشمنٹ اور سہولیات کے نام پر الگ سے شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے ، کرایوں میں بلا جواز اضافہ پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ٹرانسپورت عملے سے الجھنے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو ذلیل و خوار کرنا معمول بنتا جا رہا ہے ، ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ انتظامیہ نے سرکاری کرایہ ناموں پر ابھی تک نظر ثانی نہیں کی، جس کے باعث خود سے کرایے بڑھانا پڑے ، جبکہ مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی ہٹ دھرمی اور ان کے عملہ کا رویہ ناقابل برداشت ہے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نوٹس لیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں