گورنمنٹ کالج برائے خواتین بھلوال میں ترقیاتی کاموں کے آغاز
گورنمنٹ کالج برائے خواتین بھلوال میں ترقیاتی کاموں کے آغاز دیوار کی تعمیر کے بعد دیگر تعمیر و ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا، احمد بھرتھ
بھلوال(نمائندہ دنیاوزیر مملکت، ایم این اے ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ کی خصوصی گرانٹ سے گورنمنٹ کالج برائے خواتین بھلوال میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کر دیا گیا سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی بھلوال چوہدری محمد اکرم آرائیں نے کہا ہے کہ پہلے دیوار کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد دیگر تعمیر و ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کالج کی بوسیدہ اور گری ہوئی دیوار طالبات کی سیکیورٹی کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی تھی، ج اسی لیے سب سے پہلے دیوار کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کیا جارہا ہے تاکہ تعلیمی ادارے کا ماحول محفوظ بنایا جا سکے ۔چوہدری محمد اکرم آرائیں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اسی لیے تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اداروں کی بہتری اور طالبات کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ دیوار کی تعمیر کے بعد کالج میں دیگر ترقیاتی منصوبے ، جن میں کلاس رومز کی مرمت، خوبصورتی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیگر کام شامل ہیں، مرحلہ وار مکمل کیے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ کی عوام اور طالبات کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی ترقی سے علاقے میں تعلیم کو فروغ ملے گا اور نئی نسل کو بہتر مواقع میسر آئیں گے ۔شہریوں، والدین اور طالبات نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کالج میں جاری تعمیراتی کام جلد مکمل ہوں گے اور طالبات کو بہتر اور محفوظ تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔