میونسپل کارپوریشن گھر بیٹھے تنخواہیں لینے والوں کیخلاف کارروائی رک گئی

میونسپل کارپوریشن گھر بیٹھے تنخواہیں لینے والوں کیخلاف کارروائی رک گئی

سیاسی مداخلت کے باعث ایکشن فائلوں میں دب گیا، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ غائب ،ذمہ داران دباؤ کا شکار ،ڈنک ٹپاؤ پالیسی مسائل میں اضافہ کا سبب بن رہی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن کے ساتھ ساتھ واسا اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں اثر ورسوخ رکھنے والے افسران و ملازمین کی من پسند سیٹوں پر تعیناتی اور مبینہ طور پر گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرنے والوں کے خلاف ایکشن سیاسی مداخلت اور بد انتظامی کی نذر ہو کر فائلوں میں دب گیا،اور متذکرہ امور کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ ہی غائب کر دی گئی،ذرائع کے مطابق میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر بلدیاتی اداروں ، واسا اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں مبینہ طور پر گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کرنیوالوں کی چھانٹی اور تحقیقات سیاسی دباؤ کے باعث فائلوں میں دب کر رہ گئی ہیں،اکثر ملازمین جو کہ گھر میں بیٹھ کر سرکاری خزانے سے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں کی فہرستیں سابقہ ڈی سی کے دور تعیناتی میں ضلعی حکومت کو ارسال کی گئی تھیں جن کی تحقیقات بڑے زور و شور سے شروع ہوئیں مگر پھر روایتی سستی کا شکار ہو کر اب مکمل طور پر روک دی گئی ہے ،اسی طرح بعض شعبوں میں افسران و ملازمین کافی عرصہ سے ایک ہی سیٹ پر براجمان ہیں جنہوں نے خطیر اثاثہ جات بنا رکھے ہیں انہیں بھی کوئی پوچھنے والا نہیں، صورتحا ل کے باعث مالی بحران کا شکار ان اداروں کونقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے ،اورمالی سال کے بجٹ کی تیاری میں بھی قومی خزانے پر متذکرہ اضافی بوجھ کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، دوسری طرف شہر کی صورتحال کیمطابق افرادی قوت اور وسائل کی عدم دستیابی کو جواز بنا کر ایسے عناصر کے خلاف کاروائی عمل میں نہیں لائی جارہی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ریکارڈ کے مطابق دستیاب افرادی قوت اور وسائل کو مکمل اور درست طریقے سے استعمال میں لایا جائے تو 80فیصد مسائل ختم ہو سکتے ہیں،مگر ذمہ داران دباؤ کا شکار ہیں اور ان کی یہ ڈنک ٹپاؤ پالیسی مسائل میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں