دودھ پیداوار بڑھانے والی ادویات شہریوں کو تشویش
ادویات اور انجکشن کی خرید و فروخت،استعمال پر پابندی کے باوجود سلسلہ جاری ، ذمہ دار عناصر کی غفلت سے بیماریوں کا خدشہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )صوبائی حکومت کی جانب سے سرگودھا سمیت ریجن بھر میں مصنوعی طریقے سے دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے استعمال ہونے والی ادویات اور انجکشن کی خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی کے باوجود یہ سلسلہ بدستور جاری ہے ، جس پر صورتحال تشویش ناک بنتی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر اس حوالے سے چند کارروائیاں کی گئیں تاہم بعد ازاں معاملات کو نظر انداز کر دیا گیا، جبکہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران اس پابندی پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر رہا اور متعلقہ محکموں کی جانب سے بھی خاطر خواہ نگرانی یا بازپرس نہیں کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ذمہ دار عناصر کی غفلت اور چشم پوشی کے باعث نہ صرف جانوروں بلکہ انسانوں میں ہارمونل اثرات بڑھانے کے لیے ان ممنوعہ ادویات کا استعمال جاری ہے ۔مزید یہ کہ ادویات اور انجکشن کے ذریعے حاصل کیے جانے والے مصنوعی دودھ کے استعمال سے مبینہ طور پر خطرناک بیماریوں کے پھیلاؤ کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ممنوعہ ادویات کے استعمال کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے ۔