احتجاجی مقامات مقرر کرنے کا منصوبہ تاخیر کاشکار روڈ بلاکنگ سے شہریوں کو مشکلات
سرگودھا میں میلہ منڈی گراؤنڈ، باغ جناح، مین گراؤنڈ نیو سیٹلائٹ ٹاؤن سمیت مختلف مقامات کی نشاندہی کی گئی تھی،اس طرح دیگر شہروں میں بھی مقامات کا علان ہوا مگر حتمی منظوری نہ ہو سکی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )ضلع و تحصیل سطح پر احتجاج اور ریلیوں کے لیے مخصوص مقامات کے تعین کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہونے کے باعث آئے روز روڈ بلاکنگ کے واقعات بڑھ گئے ہیں، ڈویژنل ہیڈکوارٹر سرگودھا میں میلہ منڈی گراؤنڈ، باغ جناح، مین گراؤنڈ نیو سیٹلائٹ ٹاؤن سمیت مختلف مقامات کی نشاندہی کی گئی تھی۔ اسی طرح شاہ پور میں ممتاز سٹیڈیم اور ڈی ایس پی آفس روڈ، بھلوال میں سلیمان پور اسٹیڈیم، بھیرہ میں گنج منڈی اور دارالعلوم ڈیرہ پیر حسنات شاہ، ساہی وال میں منی سپورٹس سٹیڈیم اور فاروقہ روڈ، سلانوالی میں بے نظیر پارک اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 کے پلے گراؤنڈ، جبکہ کوٹ مومن میں گھلاپور ریسٹ ہاؤس کو احتجاجی مقامات کے طور پر تجویز کیا گیا تھا۔یہ سفارشات اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے بھجوائی گئی تھیں، تاہم حساس اداروں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔تاحال متبادل مقامات کا حتمی تعین نہیں ہو سکا۔ حکومت اس حوالے سے متبادل مقامات کے تعین کی ہدایات جاری کر چکی ہے ، لیکن عملی پیش رفت نہ ہونے کے باعث صورتحال جوں کی توں ہے ۔احتجاجی مظاہروں اور سڑکوں کی بندش کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اس لیے انتظامیہ فوری طور پر عملی اقدامات کرے اور متبادل مقامات کا اعلان کر کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے ۔