کلاس روم سے عالمی مواقع تک کے عنوان سے سیمینار
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین بھاگٹانوالہ میں کلاس روم سے عالمی مواقع تک کے عنوان سے ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طالبات کو بین الاقوامی اسکالرشپس اور عالمی تعلیمی مواقع سے آگاہ کرنا تھا۔
سیمینار کی مہمانِ خصوصی ممتاز ماہرِ تعلیم محترمہ سائرہ رشاد تھیں، جو بین الاقوامی تعلیمی میدان میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔محترمہ سائرہ رشاد نے طالبات کو بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم، مختلف عالمی اسکالرشپس، تعلیمی منصوبہ بندی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابی کے مواقع سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ محنت، خود اعتمادی اور مستقل مزاجی کے ذریعے طالبات عالمی تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے طالبات کو اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے اور جدید تعلیمی مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی تلقین بھی کی۔