ارفع ٹاور سے رائیونڈ روڈ سگنل فری کو ریڈور بنانے کا فیصلہ
ستوکتلہ ڈرین کو کور کرنے کے باعث منصوبے کی لاگت میں نمایاں اضافہ ،فیروز پور روڈ، ٹاؤن شپ اور واپڈا ٹاؤن سمیت متعدد علاقوںکے شہری مستفید ہونگے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو منصوبے سے الگ کرکے ذمہ داری ایل ڈی اے کے سپرد ،منصوبہ منظوری کیلئے صوبائی ورکنگ پارٹی کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ بن گیا
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور کا بڑا انفراسٹرکچر منصوبہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو سے واپس لے کر ایل ڈی اے کے سپرد کر دیا گیا ہے ۔ارفع ٹاور سے رائیونڈ روڈ تک سٹرکچر پلان روڈ کو سگنل فری کوریڈور میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ستوکتلہ ڈرین کو کور کرنے کے باعث منصوبے کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے ۔منصوبے سے فیروز پور روڈ، ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ اور واپڈا ٹاؤن سمیت متعدد علاقے مستفید ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق لاہور میں شہری ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ایک بڑے میگا پراجیکٹ کی سٹیئرنگ میں اہم تبدیلی سامنے آئی ہے ، جہاں پنجاب حکومت نے ابتدائی طور پر اس منصوبے پر کام کرنے والے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو اس منصوبے سے الگ کرتے ہوئے ذمہ داری اب ایل ڈی اے کے سپرد کر دی ہے ۔ارفع ٹاور سے پائن ایونیو، رائیونڈ روڈ تک سٹریچر پلان روڈ کو اب ایک جدید سگنل فری کوریڈور کے طور پر ترقی دینے کی تجویز کو عملی شکل دی جا رہی ہے ۔ اس مقصد کے لیے منصوبے کو باقاعدہ منظوری کے لیے صوبائی ورکنگ پارٹی کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ بھی بنا دیا گیا ہے۔
، جبکہ اسے نئے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی سفارش بھی پیش کر دی گئی ہے ۔ منصوبے کا ابتدائی ڈیزائن ارفع ٹاور سے مولانا شوکت علی روڈ تک روٹ پر مشتمل ہے ، جو آگے چل کر ٹاؤن شپ کے راستے نظریہ پاکستان روڈ سے منسلک ہوگا۔ یہ کوریڈور بعد ازاں واپڈا ٹاؤن اور پائن ایونیو سے گزرتے ہوئے رائیونڈ روڈ تک رسائی فراہم کرے گا، جس سے شہر کے جنوبی اور وسطی حصوں کے درمیان ٹریفک کا دباؤ کم ہونے کی توقع ہے ۔ذرائع کے مطابق اس منصوبے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ستوکتلہ ڈرین تھی، جس کے باعث سڑک کی تعمیر کے لیے ڈرین کو مکمل طور پر کور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اسی تکنیکی تبدیلی کے نتیجے میں منصوبے کی لاگت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ ابتدائی طور پر جس منصوبے کا تخمینہ 2ارب 80کروڑ روپے تھا، وہ اب بڑھ کر 10ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے ۔ منصوبے کے تحت نہ صرف مرکزی کوریڈور تعمیر کیا جائیگا بلکہ ستوکتلہ ڈرین کے دونوں اطراف نئی سڑکیں اور جدید برج بھی تعمیر کیے جائینگے ، جس سے اردگرد کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی۔یہ میگا پراجیکٹ فیروز پور روڈ، ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ اور واپڈا ٹاؤن کے رہائشیوں کیلئے بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے ، جبکہ پائن ایونیو، سدرن بائی پاس اور رائیونڈ روڈ کے ملحقہ علاقے بھی اس ترقیاتی منصوبے سے براہ راست فائدہ اٹھائیں گے ۔