یونیورسٹی آف گجرات میں پولیس خدمت مرکز کا افتتاح
خواتین اور طالبات کا تحفظ ترجیح ، غفلت برداشت نہیں کی جائیگی:آر پی او
گجرات (سٹی رپورٹر، نامہ نگار )آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے ضلع گجرات کا دورہ کیا ۔ یونیورسٹی آف گجرات میں سٹیٹ آف دی آرٹ پولیس خدمت مرکز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او نے کہا کہ جدید پولیس خدمت مراکز کے قیام کا مقصد شہریوں، خصوصاً طلبہ و طالبات کو ایک ہی چھت تلے شفاف، تیز رفتار اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کے وقت اور وسائل دونوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد، تعاون اور خوشگوار تعلقات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گے ۔ آر پی او نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کنجاہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں طالبات، فیکلٹی ممبران اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ آر پی او نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسر وں کو فوری حل کے احکامات دئیے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور طالبات کا تحفظ پولیس کی ترجیح ہے ، غفلت یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔بعدازاں آر پی او نے تھانہ منگوال اور تھانہ کنجاہ کا سمارٹ انسپکشن پولیسنگ سسٹم کے تحت معائنہ کیا۔ آر پی او نے صدر مال خانہ اور ڈی پی او آفس کا بھی دورہ کیا جہاں مقدماتی املاک، اسلحہ اور کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے ساتھ کرائم گراف، امن و امان کی صورتحال اور اشتہاری ملزموں کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ لی ۔