پانی کا بحران سنگین، ایم کیوایم کااحتجاج کا عندیہ

 پانی کا بحران سنگین، ایم کیوایم کااحتجاج کا عندیہ

معاشی حب کومنصوبے کے تحت پیاس کی دلدل میں دھکیلا جارہا، علی خورشیدیواٹر کارپوریشن حکام نے لائنوں کا رخ موڑ کردانستہ پانی بحران پیدا کیا، گفتگو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے ملک کے معاشی حب کراچی میں جاری پانی کے ہولناک اور سنگین ترین بحران پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واٹر کارپوریشن کی نااہلی، ہائیڈرنٹ مافیا کی بدمعاشی اور سندھ حکومت کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف پارلیمانی اور عوامی سطح پر بھرپور احتجاج کا عندیہ دیا ہے ، اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے معاشی انجن اور ساڑھے تین کروڑ کی آبادی والے شہر کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پیاس کی دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے ، مئی کی اس چلچلاتی دھوپ اور شدید ترین گرمی میں جہاں شہر کے غریب اور متوسط علاقوں میں جاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث واٹر کارپوریشن کے پمپنگ اسٹیشنز متاثر ہو رہے ہیں وہیں واٹر کارپوریشن کے نااہل حکام نے جان بوجھ کر پائپ لائنوں کا رخ موڑ کر پورے شہر کو بوند بوند پانی کیلئے ترسا دیا ہے ، انہوں نے شہر کے تمام اضلاع کا تفصیلی احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ سرجانی ٹاؤن، لیاقت آباد، نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن اور فیڈرل بی ایریا جیسے گنجان آباد علاقوں میں گزشتہ کئی ہفتوں سے پائپ لائنیں مکمل خشک ہو چکی ہیں، مساجد میں وضو تک کیلئے پانی دستیاب نہیں، اسی طرح کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر اور رفاہِ عام سوسائٹی میں پانی کی عدم دستیابی نے بحران کو اس حد تک سنگین کر دیا ہے کہ عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں