لنک ڈائون معمول ، بلوں کی درستگی ،تاریخ میں توسیع رک گئی
تکنیکی خرابی کی وجہ سے سسٹم تک رسائی ممکن نہیں:حکام ، صارفین دفاتر میں خوار
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)پی آئی ٹی سی لنک ڈائون رہنا معمول بن گیا، گیپکو صارفین بجلی کے بلوں کی درستگی اور تاریخ میں توسیع سے محروم رہنے لگے آن لائن فنی خرابی سے صارفین کی بڑی تعداد تاریخ نہ بڑھنے سے بجلی کے بل جرمانوں کیساتھ ادا کرنے پر مجبور ہوگئے ۔ صورتحال کے حوالے سے گیپکو دفاتر میں موجود متعلقہ افسر وں سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے روایتی عذر پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پی آئی ٹی سی (پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی)کا مین ویب سائٹ لنک ڈاؤن ہے ۔ افسر وں کے مطابق تکنیکی خرابی کی وجہ سے سسٹم تک رسائی ممکن نہیں، یہی وجہ ہے کہ بجلی کے بلوں میں کمی بیشی (اوور بلنگ کی درستگی)یا آخری تاریخ میں توسیع کا عمل مکمل طور پر معطل ہو کر رہ گیا ہے۔ کمرشل، انڈسٹریل اور گھریلو صارفین کا کہنا ہے کہ وہ غلط اور اضافی بلوں کی وجہ سے پہلے ہی پریشان تھے اور اب دفاتر کے چکر لگا لگا کر تنگ آچکے ہیں،سسٹم کی بندش کا محض بہانہ بنا کر بلوں کی درستگی کے راستے میں دانستہ رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں ۔