ڈپٹی کمشنر کا تحصیل آفس کادورہ ، غیر متعلقہ شخص گرفتار
رجسٹریشن برانچ سے رجسٹری شدہ فائلیں سکروٹنی کے لیے قبضے میں لے لیں
بورے والا (سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے تحصیل آفس بورے والا کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران ایک غیر متعلقہ شخص کو دفتر میں موجود ہونے پر گرفتار کروا دیا گیا جبکہ رجسٹریشن برانچ سے رجسٹری شدہ فائلیں سکروٹنی کے لیے قبضے میں لے لی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے سروس ڈیلیوری، ریکارڈ اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال اور شفافیت ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ شہریوں کو بروقت اور میرٹ پر سہولیات فراہم کرنے کے احکامات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل کو قانون کے مطابق اور شفاف بنانے کے لیے سخت نگرانی جاری ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کرپشن اور بدانتظامی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے عملے کی حاضری، صفائی، نظم و ضبط اور ریکارڈ مینجمنٹ کا بھی جائزہ لیا اور بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔