مویشی منڈیوں میں سہولیات فراہمی کی ہدایت

مویشی منڈیوں میں سہولیات فراہمی کی ہدایت

قربانی کے جانوروں کیلئے سیل پوائنٹس ،ماڈل کیٹل مارکیٹس میں شکایت فوری حل ہونی چاہئے :کمشنر،ڈی سیز کومحرم کی پیشگی تیاریوں کابھی ہدف تفویض

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آبادڈویژن مسرت جبیں نے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کیلئے لگائے گئے عارضی سیل پوائنٹس اور پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام ماڈل کیٹل مارکیٹس میں صفائی کا اعلیٰ ترین معیار ہمہ وقت برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے ڈویژن میں عید الاضحی انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب اتھارٹی اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کرے اور عارضی سیل پوائنٹس کا رخ کرنے والوں کو صاف ستھرا ماحول نظر آنا چاہیے ۔ معمولی سی شکایت بھی فوری حل ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا ممکنہ بارشوں اور آندھی کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات یقینی بنائیں تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو پریشانی نہ ہو۔ سیل پوائنٹس میں پینے کا صاف اور ٹھنڈا پانی دستیاب رہنا چاہیے جبکہ سایہ دار انتظامات بھی برقرار رکھیں۔انہوں نے رات کے اوقات میں لائٹنگ کی سہولت کی تاکید کی۔کمشنر نے واضح کیا کہ شہریوں کو پارکنگ کی اوورچارجنگ کی شکایت پر زیروٹالرنس ہے ۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو وقفہ وقفہ سے انتظامات کی نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو محرم الحرام کی پیشگی تیاریوں کا بھی ہدف تفویض کیا اور کہا کہ سوئی گیس،فیسکو،میونسپل کارپوریشن/میونسپل کمیٹیز،واسا ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ عشرہ محرم کے جلوسوں کے روٹس کا وزٹ کریں اور وال چاکنگ کے صفایا،پیج ورک مکمل،لائٹنگ،سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن،بجلی کی لٹکتی تاروں کی درستگی،سوئی گیس کے کنکشنز کی لیکج کو چیک کرکے تمام تر درکار انتظامات بروقت مکمل ہونے چاہئیں۔انہوں نے واساحکام کوہدایت کی کہ محرم جلوسوں کے روٹس پر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے جاری کاموں کو فوری مکمل کریں۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے سی پی او اور ڈی پی اوز کوعید الاضحی اور محرم الحرام پر سکیورٹی اقدامات کو طے شدہ ایس اوپیز کے تحت مکمل کرنے کیلئے کو ہدایات جاری کیں اور کہا کہ عارضی سیل پوائنٹس پر پولیس افسروں و ملازمین ذمہ دارانہ ڈیوٹی انجام دیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ نے ویڈیو لنک پرشرکت کی جبکہ سی پی او فیصل آباد،ایڈیشنل کمشنرز،ایدیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ودیگر افسر بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں